محفل مسالمہ

(اسلام آباد پ۔ر) اکادمی ادبیات پاکستان کے زیرِ اہتمام مقبول ادبی سلسلہ “چائے، باتیں اور کتابیں” کی 89ویں نشست آج بروز بدھ، 17 جون 2026ء کو اکادمی کے کمیٹی روم نمبر 1 میں نئے اسلامی سال کے آغاز اور محرم الحرام کی مناسبت سے “شہدائے کربلا کی یاد میں محفلِ مسالمہ” کے عنوان سے منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز حامد وسیم خان، طالبِ علم، کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ نشست کی نظامت معروف شاعر و ادیب منیر فیاض نے کی، جبکہ اہلِ قلم، دانشوروں، ادیبوں، شاعروں اور ادب دوست شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

محفل میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے نذرانۂ عقیدت، سلام، منقبت، مرثیہ اور نعت پیش کی گئی۔ معروف شاعر، نقاد اور ادیب اختر عثمان نے واقعۂ کربلا کے حوالے سے اپنا مرثیہ پیش کیا، جسے سامعین نے بے حد سراہا۔ علی اکبر عباس نے سلام و منقبت پیش کی، جسے حاضرین نے نہایت پسند کیا۔ تنویر حیدر نے امامِ عالی مقام حضرت امام حسینؓ کی بارگاہ میں سلام و منقبت کے ساتھ فارسی اشعار بھی پیش کیے۔ فرزند علی ہاشمی نے پوٹھوہاری زبان میں سلامِ عقیدت پیش کیا، جبکہ محمد وسیم فقیر نے ہندکو زبان میں سلامِ عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔ شاعرہ اور صحافی سارہ خان نے پشتو زبان میں سلامِ عقیدت پیش کیا، نعیم اکرم قریشی نے پُرسوز سلام و منقبت سے حاضرین کے دل موہ لیے، جبکہ اقبال حسین افکار نے پشتو زبان میں سلام و منقبت پیش کی۔

بزمِ حمد و نعت کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر کاشف عرفان نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ ڈاکٹر مہناز انجم نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شہدائے کربلا کی بارگاہ میں سلامِ عقیدت بھی پیش کیا، جبکہ ناصر علی ناصر نے بھی شہدائے کربلا کو سلامِ عقیدت پیش کیا۔محفل کے اختتام پر عرش ہاشمی نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی اور نئے اسلامی سال کے آغاز کے موقع پر خصوصی دعا بھی کروائی۔

یہ نشست اپنی نوعیت کے اعتبار سے ایک کثیراللسانی مشاعرے کی صورت اختیار کر گئی، جس میں اردو، پشتو، ہندکو، پوٹھوہاری اور فارسی زبانوں میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ شرکانے نئے اسلامی سال کے آغاز اور محرم الحرام کی مناسبت سے محفلِ مسالمہ کی حقیقی روح کے مطابق سلام و منقبت پیش کرتے ہوئے شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

نشست میں منیر فیاض، افشاں عباسی، آصف سلیم، عرش ہاشمی، اختر عثمان، علی اکبر عباس، ڈاکٹر مہناز انجم، تنویر حیدر، نعیم اکرم قریشی، محمد عمران نقوی، رابعہ شمشاد، محمد اورنگزیب شاہ، محمد جواد، احسان، ڈاکٹر کاشف عرفان، ڈاکٹر حمزہ حسن، فرزند علی ہاشمی، ذوالفقار علی بخاری، عثمان، طارق منظور، ڈاکٹر بی بی امینہ، محمد وسیم فقیر، ارم فاطمہ، ناصر علی ناصر، سبطین رضا لودھی، اقبال حسین افکار، سارہ خان، یوسف خان، خالد محمود اور دیگر اہلِ علم و ادب نے شرکت کی۔
(یوسف خان)
اسسٹنٹ انچارج (شعبہ تعلقات عامہ)

264 total views, 3 views today

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *