واقعہ کربلا: قربانی حق و صداقت کا آفاقی پیغام

پشاور اپووا (APWWA) کے پی چیپٹر اور منہاج القرآن کے باہمی اشتراک سے چائنہ ونڈو میں ایک پروقار محرم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کا محور “واقعہ کربلا: قربانی حق و صداقت کا آفاقی پیغام” تھا۔ یہ کانفرنس اپووا کے پی خواتین ونگ کے تحت منعقد ہونے والے ادبی، مذہبی، ثقافتی اور فلاحی پروگراموں کی سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔ اپووا کے پی خواتین ونگ حال ہی میں پشاور میں قائم کیا گیا ہے اور اس کے بانی و چیئرمین ایم ایم علی ہیں۔
کانفرنس کا آغاز ام ابیہہ کی دلنشین تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد سیدہ شہلا گل نے با معنی ترجمہ پیش کیا۔ صدر منہاج القرآن ویمن لیگ پشاور، سیدہ زرتاج بخاری نے ہدیہ نعت پیش کر کے محفل کو روحانی چاشنی بخشی۔
اپووا کے پی چیپٹر کی جنرل سیکرٹری ناز پروین نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور فلسفہ شہادت کی آفاقیت اور قربانی کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اپووا کی ممبر اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ روبینہ معین نے واقعہ کربلا کے پس منظر، اس کی تاریخی اہمیت اور رہتی دنیا تک اس کے اثرات کو انتہائی دلنشین انداز میں بیان کیا۔ اپووا کی ممبر اور منہاج القرآن کی میڈیا کوآرڈینیٹر فاطمہ افضال نے انگریزی میں فلسفہ شہادت کی عالمی افادیت کو اجاگر کیا۔
ڈاکٹر سیما شفیع، جو کہ اپووا کی ایک اور ممبر ہیں، نے اہل بیت کی خدمت میں پُرسوز منقبت پیش کی، جس نے حاضرین کے دلوں کو گرمایا۔ پروگرام کے اختتام پر سیدہ زرتاج بخاری نے انتہائی پر سوز انداز میں شہدائے کربلا کو سلام پیش کیا۔ آخر میں، روبینہ معین نے عالم اسلام کی وحدت، امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی حالتِ زار پر رحم کی خصوصی دعا کروائی۔
اس کانفرنس میں اپووا کے پی چیپٹر اور منہاج القرآن کی خواتین کے ساتھ ساتھ آرمی پبلک سکول (APS) کے شہداء کی ماؤں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ یہ کانفرنس، واقعہ کربلا کے لازوال پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے، اتحاد اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے میں کامیاب رہی ۔
رپورٹ بائے
ناز پروین

1,008 total views, 3 views today

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *