چاقو حملے میں زخمی ہونے والے سیف علی خان کا ’آپریشن کامیاب، حالت اب خطرے سے باہر

انڈیا کے شہر ممبئی میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ رات گئے چاقو کے حملے میں زخمی ہونے والے اداکار سیف علی خان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

بدھ کی شب ایک نامعلوم شخص باندرہ کے علاقے میں واقع سیف علی خان کی رہائش گاہ میں داخل ہوا تھا اور اس سے مدبھیڑ کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے متعدد وار کیے گئے تھے۔

انھیں لیلاوتی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا آپریشن کیا گیا اور جمعرات کو ایک بیان میں اداکار کی ٹیم کا کہنا ہے کہ ‘سیف علی خان کی سرجری ہو چکی ہے اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ وہ ابھی صحت یاب ہو رہے ہیں اور ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہیں۔’

سرجری کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے لیلاوتی ہسپتال کے ڈاکٹر نتن ڈانگے کے مطابق اداکار کے کمر کے اوپری حصے میں چاقو پیوست ہوا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے۔
‘ان کے جسم سے چاقو نکالنے کے لیے سرجری کی گئی ہے۔ ان کے بائیں ہاتھ اور گردن پر دو گہرے زخموں کا علاج پلاسٹک سرجری ٹیم نے کیا ہے۔’

ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈکشٹ گیڈم نے بتایا کہ ’ایک نامعلوم شخص اداکار سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوا، اس کے بعد سیف علی خان اور اس شخص کے درمیان جھگڑا شروع ہوا جس میں سیف علی خان زخمی ہو گئے۔‘

نیوز ایجنسی اے این آئی نے ممبئی پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ایک شخص سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوا اور اس کا سامنا پہلے سیف علی خان کے گھریلو ملازمین سے ہوا تاہم جب سیف علی خان نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو اس شخص نے ان پر حملہ کر دیا۔

303 total views, 3 views today

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *