اپووا کے پی چیپٹر اور منہاج القرآن پشاور کے زیر اہتمام محفلِ میلاد کا انعقاد
ربیع الاول کا بابرکت مہینہ شروع ہوتے ہی عاشقانِ رسول ﷺ اپنے دلوں میں محبت و عقیدت کے چراغ روشن کرتے ہیں اور درود و نعت کی محافل سے اپنی محفلوں کو منور کرتے ہیں۔ اسی سلسلے میں اپوا کے پی چیپٹر اور منہاج القرآن پشاور کے تعاون سے بروز جمعرات 4 ستمبر کو محترمہ زاہدہ نور کی رہائش گاہ پر ایک روح پرور اور ایمان افروز محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ اس موقع پر اپووا کے پی چیپٹر کی جنرل سیکرٹری ناز پروین نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پُرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے محفلِ میلاد کے انعقاد کو رسولِ اکرم ﷺ کی محبت کا اظہار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی محافل دلوں کو سکون اور روحوں کو تازگی عطا کرتی ہیں۔ تقریب میں محترمہ روبینہ معین (ناظمہ ویمن لیگ کے پی پشاور)، محترمہ صبیحہ اشتیاق (نائب صدر منہاج القرآن ویمن لیگ پشاور)، اور محترمہ سعدیہ نواز (ناظمہ ٹاؤن 3 منہاج القرآن ویمن لیگ پشاور) نے سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی خدمت اقدس میں پرترنم اور پرسوز نعتوں کا نذرانہ پیش کیا۔
اس پرنور محفل میں اپووا کے پی چیپٹر اور منہاج القرآن کی خواتین اراکین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ محفل کے دوران نہ صرف درود و سلام اور نعتیں سنائی گئیں بلکہ حاضرین بھی والہانہ انداز میں نعت خوانوں کا ساتھ دیتی رہیں۔ فضا میں عقیدت و محبت کے رنگ چھائے رہے۔
محترمہ فاطمہ افضال نے محفل کے لیے ہال کو رنگ برنگے قمقموں اور خوشبودار پھولوں سے نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجایا۔ حاضرین کو شیرینی پیش کی گئی اور پھولوں کے گجرے بھی پہنائے گئے۔ دورانِ محفل خواتین نے اپنی پسند کی نعتیں بھی فرمائش پر سنیں، جبکہ درود و سلام کی صداؤں سے محفل رات گئے تک گونجتی رہی۔ اختتام پر تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر رسولِ اکرم ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں ہدیۂ سلام پیش کیا۔ بعدازاں محترمہ روبینہ معین نے نہایت پرسوز دعا کروائی، جس میں بالخصوص غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام کے لیے امن و رحمت کی دعا کی گئی۔ تمام شرکاء کی تواضع پرتکلف عشائیے سے کی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر پشاور مشعل ملک نے بھی شرکت کی اور انتظامات کی نگرانی کی۔ محفل کے انعقاد میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس پشاور، ریجنل اسپورٹس آفس پشاور اور ڈسٹرکٹ یوتھ آفس پشاور نے خصوصی تعاون کیا۔
رپورٹ: ناز پروین
714 total views, 3 views today
























Leave a Reply