اسپیس ایکس کا راکٹ لانچنگ کے چند منٹ بعد ہی تباہ

ویب ڈیسک—دنیا کے ارب پتی شخص ایلون مسک کا اسٹار شپ راکٹ جمعرات کو خلا کے لیے اڑان بھرںے کے چند منٹ بعد ہی تباہ ہو گیا۔

اسپیس ایکس کے 403 فٹ لمبے راکٹ کو امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے مقامی وقت کے مطابق شام 6:30 بجے لانچ کیا گیا تھا۔

اسپیس ایکس کی لائیو اسٹریمنگ میں راکٹ کو فضا میں بلند ہوتے دیکھا جا سکتا تھا لیکن وہ چند منٹ بعد ہی پھٹ گیا۔بعدازاں کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ اسٹار شپ سے رابطہ کھو چکی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل متعدد ویڈیوز میں راکٹ کا ملبہ جنوبی فلوریڈا اور کیریبئن جزائر بہاماس میں گرتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے راکٹ کا ملبہ گرنے کے پیشِ نظر رات آٹھ بجے تک ریاست فلوریڈا کے شہر میامی، فورٹ لوڈرڈیل، پام بیچ اور اورلینڈو کے ایئرپورٹس استعمال نہ کرنے کی ہدایت جاری کی۔

خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے اسٹار شپ کی یہ آٹھویں آزمائشی پرواز تھی۔ اس سے قبل 16 جنوری کو بھی ایک راکٹ فضا میں تباہ ہوا تھا۔
ایلون مسک کا مقصد ایسے راکٹ بنانا ہے جو خلا میں زیادہ تعداد میں سیٹلائٹس بھیجنے کے ساتھ ساتھ انسانوں کو چاند اور مریخ تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

اسپیس ایکس نے جمعرات کی شب جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ “اسٹارشپ کے پچھلے حصے میں کوئی خرابی پیش آئی جس کے نتیجے میں کئی انجنز بند ہونے کے ساتھ ہی اسٹارشپ کا کنٹرول متاثر ہوا اور اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

کمپنی کے مطابق اسٹارشپ سے آخری رابطہ پرواز کے تقریباً نو منٹ 30 سیکنڈ تک ہوا تھا۔

306 total views, 3 views today

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *