چینی نجومی کی اپنی موت کی پیشگوئی سچ ثابت ، محبوبہ نے زہر دے کر قتل کر دیا
چین کے صوبہ سیچوان کے شہر نان چونگ میں ایک معروف نجومی، جس کا خاندانی نام ژو (Zhou) بتایا جا رہا ہے، اپنی ہی پیشگوئی کا شکار ہو گیا۔ ژو نے اپنی زندگی میں پیش گوئی کی تھی کہ 50 کی دہائی کی عمر میں اسے ایک جان لیوا حادثے کا سامنا کرنا پڑے گا، اور حیران کن طور پر 2017 میں اپنی 60ویں سالگرہ سے ایک ماہ قبل وہ پراسرار حالات میں ہلاک ہو گیا۔ بعد ازاں تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اسے انتہائی زہریلے کیمیکل “پیراکواٹ” کے ذریعے قتل کیا گیا .
ژو کی اچانک موت نے اس کے اہل خانہ کو شک میں ڈال دیا۔ اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی اور زہر کے ٹیسٹ کے بعد تصدیق ہو گئی کہ ژو کو جان بوجھ کر زہر دیا گیا تھا۔ تفتیش میں جلد ہی یہ انکشاف ہوا کہ قتل کی سازش ژو کی لانگ ٹائم محبوبہ “جِنگ” (Jing) نے کی تھی.
2011 میں جِنگ اپنی بیمار ماں کے علاج کے لیے ژو سے رجوع کرنے آئی تھی، بعد میں اس کی قریبی ساتھی بن گئی۔ تاہم ان کے تعلقات پیچیدہ اور مشکلات سے بھرے رہے۔ ژو نے کئی مرتبہ جِنگ کو اسقاطِ حمل پر مجبور کیا اور جب بھی ان کے درمیان تعلقات خراب ہوتے، وہ اپنی سابقہ بیوی کے پاس واپس چلا جاتا.
ژو نے جِنگ کو چھوڑنے کے لیے جھوٹ موٹ کینسر ہونے کا بھی دعویٰ کیا، جس سے جِنگ شدید جذباتی صدمے اور غصے میں آ گئی۔ اس نے انتقام کی ٹھان لی اور انٹرنیٹ سے پیراکواٹ نامی زہر کے اثرات کے بارے میں معلومات حاصل کیں.
جِنگ نے چالاکی سے زہر ژو کے کھانسی کے شربت میں ملا دیا اور ساتھ ہی چار عدد انڈرویئر میں بھی زہر لگا دیا۔ ژو کو جلد ہی گلے میں شدید تکلیف ہونے لگی اور جب اس نے زہریلے کپڑے پہنے تو اس کے جسم پر شدید سوزش اور زخم بننا شروع ہو گئے۔ ژو کو فوری طور پر ہسپتال داخل کرایا گیا لیکن وہ زہر کے اثرات سے جانبر نہ ہو سکا اور ہلاک ہو گیا۔ اس کی موت نے اس کے اہل خانہ اور قریبی حلقے کو شدید حیرت میں ڈال دیا۔
تفتیش کے دوران جِنگ کے خلاف قتل عمد کا مقدمہ درج کیا گیا اور ستمبر 2024 میں عدالت نے اسے 14 سال قید کی سزا سنائی۔ جِنگ نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی، لیکن نان چونگ انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ نے اس سزا کو برقرار رکھا.
120 total views, 3 views today
























Leave a Reply